ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جموں و کشمیر میں برفباری جاری، سڑک اورفضائی خدمات متاثر

جموں و کشمیر میں برفباری جاری، سڑک اورفضائی خدمات متاثر

Sat, 14 Dec 2019 23:24:27    S.O. News Service

جموں،14/دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) جموں و کشمیر میں دو دنوں سے جاری برفباری اور بارش نے لوگوں کی پریشانیاں بڑھا دی ہیں۔خراب موسم کے سبب جموں سرینگر ہائی وے سمیت ڈوڈہ، کشتواڑ، رام بن، پونچھ، راجوری اور ریاسی جانے والی کئی سڑکیں بند پڑی ہیں۔وہیں جموں کے ڈوڈا، کشتواڑ اور پونچھ اضلاع سمیت ماتا ویشنو دیوی مندر کے پاس ہوئی بھاری برفباری نے پورے جموں کشمیر میں سردی بڑا دی ہے۔جموں میں برفباری اور بارش کی وجہ سے بجلی کے تقریبا 200 ٹرانسفارمر خراب ہو گئے ہیں۔جموں کے کشتواڑ، ڈوڈہ اور رام بن ضلع کے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جموں کے درجہ حرارت میں 10 ڈگری تک کی کمی درج کی گئی ہے۔درجہ حرارت کا سب سے زیادہ اثر یہاں پہنچ رہے سیاحوں اور ماتا ویشنو دیوی کے عقیدت مندوں پر پڑا ہے۔وہیں اسکول جانے والے بچوں کو بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔جموں میں جمعہ کازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 11.6 ڈگری تھا جو عام درجہ حرارت 10 ڈگری سے کم رہا۔وہیں جموں کے دوسرے اضلا ع میں بھی درجہ حرارت میں کمی دیکھنے کو ملی۔ماتا ویشنو دیوی کے بیس اسٹیشن کٹرا میں درجہ حرارت 6.4 ڈگری، بھدرواہ کا درجہ حرارت 0.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔جموں پولیس کے مطابق جموں سرینگر ہائی وے پر رام بن اور بانہال کے قریب بھاری برفباری ہوئی ہے۔جس کی وجہ سے ہائی وے پر سینکڑوں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔پولیس کے مطابق ہائی وے پر بانہال اور لوئر منڈوا کے پاس ہوئی بھاری برفباری سے ان علاقوں میں برف جم گئی ہے جسے ہٹانے کا کام جاری ہے، لیکن، خراب موسم کی وجہ سے اس کام میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے جس کی وجہ سے ہفتہ کو بھی ہائی وے کھلنے کے آثار کم ہیں۔وہیں خراب موسم کا اثر جموں میں ہوائی خدمات پر بھی پڑا ہے۔جموں ہوائی اڈے سے سات پروازیں منسوخ کی گئیں ہیں۔یہ تمام پروازیں جموں سے سرینگر جانی تھیں۔


Share: